پی سی بی نے انضمام اور مصباح الحق کو اہم اعزاز سے نواز دیا

پاکستان کرکٹ بورڈ نے لیجنڈ قومی کرکٹرز سابق کپتان انضمام الحق اور مصباح الحق کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں اعزاز سے نواز دیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق اور مصباح الحق دونوں کرکٹ کی تاریخ کا روشن ستارا اور پاکستان کرکٹ کا فخر ہیں۔ انہوں نے اپنی کارکردگی کی بدولت پاکستان کرکٹ کا دنیا بھر میں نام روشن کیا۔ انضمام الحق 92 ورلڈ کپ فاتح ٹیم کا حصہ رہے جب کہ مصباح کی زیر قیادت پاکستان نے نمبر ون ٹیسٹ ٹیم کا اعزاز اپنے نام کیا۔
دونوں لیجنڈ کرکٹرز کی خدمات کے اعتراف میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے انضمام الحق اور مصباح الحق کو ہال آف فیم میں شامل کر لیا۔
گزشتہ روز سہ فریقی ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے قذافی اسٹیڈیم میں دونوں سابق کپتانوں کو ہال آف فیم گرین کیپ پہنائی اور شیلڈز پیش کیں۔
لیجنڈز کرکٹرز نے کیپ پہن کر میدان کا چکر لگایا اور تماشائیوں نے تالیاں بجا کر ان کا خیر مقدم کیا۔ بعد ازاں انہوں نے چیمپئنز ٹرافی کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔












