چلاس کیمپس کی تعمیروترقی کے حوالے سے وائس چانسلر جامعہ قراقرم کی زیر صدارت اجلاس منعقد

قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ کی زیر صدارت چلاس کیمپس کو مزید فعال بنانے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ جس کا مقصد تعلیمی برادری اور مقامی آبادی کی بہتر خدمت کے لیے کیمپس کے بنیادی ڈھانچے اور سہولیات کو بڑھانے کے لیے حکمت عملیوں اور منصوبوں پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔کے آئی یو شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اجلاس میں ڈبلیو پی ڈی اے کی ڈائریکٹر سوشل اینڈ ری سیٹلمنٹ فرحانہ مظہر کے علاوہ جامعہ قراقرم کے دیگر اہم افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں چلاس کیمپس کو خطے میں اعلیٰ تعلیم وتحقیق کا مرکز بنانے ، تعلیم اور کمیونٹی دونوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کوششوں کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے ممکنات پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔اجلاس میں وائس چانسلر کے آئی یو نے اس منصوبے کی اہمیت اور علاقے میں تعلیم اور تحقیق کے فروغ اور ممکنہ اثرات پر زور دیا۔ اجلاس میں کیمپس کی تعمیر وترقی کے مختلف پہلوؤں پر بات کیاگیا۔ جس میں خطے کی ثقافتی اور ماحولیاتی سالمیت کو برقرار رکھتے ہوئے انفراسٹرکچر کو جدید بنانے پر توجہ دی گئی۔












