ضلع گلگت
فوڈ ڈیپارٹمنٹ ضلع گلگت کی ٹیم کا مختلف مارکیٹوں کا دورہ

اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ گلگت نثار احمد کے احکامات پر فوڈ ڈیپارٹمنٹ ضلع گلگت کی ٹیم نے گلگت کی مختلف مارکیٹوں کا دورہ کیا، اس دورے کا مقصد عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانا تھا۔
پیر کو ترجمان محکمہ خوراک کے مطابق ٹیم نے ہول سیل اور ریٹیل دکانوں سے مختلف اشیائے خورد و نوش کے سیمپلز اکھٹے کیے جو ٹیسٹ کے لیے ڈرگ، فوڈ اینڈ واٹر ٹیسٹنگ لیبارٹری گلگت بھجوائے جائیں گے۔
ٹیسٹنگ کے نتائج کی روشنی میں اگر کوئی بھی چیز صحت کے لیے نقصان دہ پائی گئی، تو اس کی فروخت پر فوری پابندی عائد کی جائے گی۔یہ اقدام عوامی صحت کے تحفظ کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ محکمہ خوراک نے تمام دکانداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس عمل میں مکمل تعاون کریں اور معیاری اشیائے خورد و نوش کی فراہمی یقینی بنائیں تاکہ عوام کی صحت کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔











