گلگت بلتستان میں پولوسمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،وزیراعلی حاجی گلبرخان

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں کھیلوں کے فروغ کیلئے جی بی حکومت ہر ممکن اقدامات کررہی ہے، گلگت کے شاہی پولو گراؤنڈ کو سٹیڈیم طرز پر تعمیر کیا جائے گا جس میں کھلاڑیوں اور شائقین کیلئے سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے جشن آزادی پولو ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں میں چیکس تقسیم کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پولو گلگت بلتستان کا روایتی کھیل ہے جس کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے،یہاں موجود تمام بینکوں کو ہدایت کی جائے گی کہ پولو سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں، آئندہ مالی سال میں کھیلوں کے فروغ کیلئے خصوصی بجٹ مختص کیا جائے گا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے جشن آزادی پولو ٹورنامنٹ کی ونر ٹیم کو دو لاکھ، رنر ٹیم کو ایک لاکھ، گلگت بلتستان پولو ایسوسی ایشن کو دو لاکھ، چترال اے ٹیم کو ایک لاکھ اور چترال سکاؤٹس ٹیم میں ایک لاکھ روپے کے چیکس تقسیم کئے۔











