تازہ ترین
پاکستان

بارش سے متاثرہ میچ میں آسٹریلیا کا پاکستان کو 7 اوورز میں جیت کیلیے 94 رنز کا ہدف

برسبین میں کھیلے جا رہے پہلے ٹی 20 میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 7 اوورز میں جیت کے لیے 94 رنز کا ہدف دیا ہے۔

بارش سے متاثرہ اس میچ کو امپائرز نے ٹائم کٹوتی کرتے ہوئے سات، سات اوورز تک محدود کر دیا اور پاکستانی کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے میتھیو شارٹ اور جیک فریسر نے اننگ کا آغاز کیا۔ شاہین شاہ کے پہلے اوورز میں دونوں بلے بازوں نے پاور پلے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 17 رنز بٹورے، لیکن اگلے اوورز میں نسیم شاہ نے آتے ہی پہلی گیند پر جیک فریسر کو 9 رنز پر آؤٹ کر دیا۔

میکسویل نے آگے ہی نسیم شاہ کو چار چوکے جڑ دیے اور وہ بھی اپنے پہلے اوور میں 17 رنز دے بیٹھے۔

آسٹریلیا نے دو اوورز کے پاور پلے میں 34 رنز بٹور کر پاکستانی بولرز پر دباؤ بڑھایا۔ تاہم اگلے اوور میں ون ڈے سیریز کے ہیرو حارث رؤف نے نہ صرف میتھیو شارٹ کی وکٹ لی بلکہ نپی تلی بولنگ کراتے ہوئے صرف دو رنز دیے۔

میکسویل نے اس موقع پر لاٹھی چارج کرتے ہوئے حارث رؤف کے دوسرے اوور میں 18 رنز بٹورے۔ جارح مزاج بلے باز کی طوفانی اننگ پر عباس آفریدی نے فل اسٹاپ لگایا۔

میکسویل نے 19 گیندوں پر 43 رنز بنائے۔ ان کی اننگ میں تین چھکے اور پانچ چوکے شامل تھے۔ اسی اوور میں کی آخری گیند پر عباس آفریدی نے 9 رنز کے انفرادی اسکور پر ٹم ڈیوڈ کو پویلین کا راستہ دکھایا۔

آسٹریلیا نے 7 اوورز کھیل کر وکٹوں کے نقصان پر 93 رنز بنائے ہیں اور پاکستان کو جیت کے لیے 94 رنز کا ہدف دیا ہے۔ مارکوس اسٹونس 7 گیندوں پر 21 رنز کی نا قابل شکست اننگ کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بولر عباس آفریدی رہے جنہوں نے ایک اوور میں 9 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ حارث رؤف نے 21 اور نسیم شاہ نے 37 رنز دے کر ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ شاہین شاہ 2 اوورز میں 25 رنز دے کر خالی ہاتھ رہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان نے آسٹریلیا کو تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں دو ایک سے شکست دے کر 22 سال بعد ان ہی سر زمین پر سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا بلکہ وہ کینگروز کے دیس میں ایشیا کی سب سے کامیاب ٹیم بھی بن گئی ہے۔

قومی کپتان محمد رضوان اور ٹیم اس جیت کے بعد پر عزم ہے اور کپتان نے آسٹریلیا کو ٹی 20 میں واش آؤٹ کر کے تاریخ رقم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

میچ سے قبل گزشتہ روز ٹیم نے برسبین میں بھرپور پریکٹس کی اور پاکستان سے آنے والے ٹی 20 اسکواڈ کے کھلاڑیوں نے بھی ٹیم کو جوائن کر لیا تھا۔

گزشتہ روز پاکستان کھلاڑیوں کا فوٹو شوٹ بھی ہوا تھا جس میں کپتان محمد رضوان، بابر اعظم سمیت تمام کھلاڑیوں نے مختلف پوز دے کر فوٹو شوٹ کرایا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button