تازہ ترین
پاکستان

دنیور گلوبل ہائیر سیکنڈری اسکول اور ماؤنٹینز لینڈ اسکول کے اشتراک سے میرٹ سائٹیشن سرمنی کا انعقاد

دنیور گلوبل ہائیر سیکنڈری سکول اور ماؤنٹینز لینڈ سکول کے اشتراک سے "میرٹ سائٹیشن سرمنی” کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب گلوبل ہائر سکنڈری سکول دنیور کے کیمپس میں منعقد ہوئی، جس میں سکول اور کالج کے پوزیشن ہولڈر طلبا و طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اور بعد ازاں طالبہ نے نعت رسول مقبول ﷺ پیش کر کے محفل کو رونق بخشی۔تقریب میں مہمان خصوصی کنٹرولر آف ایگزامنیشن کے آئی یو واجد حسین تھے۔ اساتذہ، والدین اور طلبا و طالبات کی کثیر تعداد نے اس تقریب میں شرکت کی۔ مقررین نے اپنے خطاب میں موجودہ دور میں بچوں کے کتاب سے دوری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے والدین کو بچوں کی کارکردگی پر نظر رکھنے اور وقتاً فوقتاً سکول آنے کا مشورہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ سال کے آخر میں نتیجہ سننے سے پہلے بچوں کی کارکردگی پر مسلسل توجہ دینا ضروری ہے۔مہمان خصوصی واجد حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دو سکولوں نے مل کر پروگرام کا انعقاد کر کے ایک قابل تقلید مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دیگر پرائیویٹ سکولز کو بھی اس طرح کے اجتماعی پروگرام منعقد کرنے چاہئیں تاکہ بچوں میں تعاون اور بھائی چارے کی روح پروان چڑھ سکے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کا اصل مقصد تبھی پورا ہوتا ہے جب بچوں کی تربیت پر بھی اتنی ہی توجہ دی جائے،

کیونکہ ایک اچھی تعلیم کے ساتھ اچھی تربیت ہی انہیں ذمہ دار شہری بناتی ہے۔صدر پرائیویٹ سکولز نیٹورک شعیب کمال نے کہا کہ ہمیں صرف کتابی تعلیم پر اکتفا نہیں کرنا چاہیے بلکہ بچوں کو ٹیکنیکل ایجوکیشن کی طرف بھی راغب کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنیکل ایونٹس اور سکالرشپ پروگرامز کا انعقاد ٹیلنٹڈ طلبہ و طالبات کے لئے ضروری ہے تاکہ ان کی صلاحیتیں مزید نکھر سکیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ کے آئی یو اور پرائیویٹ سکولز نیٹورک آئندہ سال سے جی بی لیول پر ٹاپر طلبہ کے لیے خصوصی ایونٹ کا انعقاد کریں گے۔تقریب کے اختتام پر اساتذہ کو بہترین کارکردگی پر تعریفی اسناد دی گئیں اور پوزیشن ہولڈر طلبا و طالبات میں سرٹیفکیٹس اور شیلڈز تقسیم کی گئیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button