تازہ ترین
ضلع گلگت

گلگت سے کاشغر نیٹکو سروس کا آغاز، ادارے کو منافع بخش بنانے کیلئے خصوصی اقدامات اٹھا رہے ہیں، وزیراعلیٰ

 گلگت( محمدایوب )نیٹکو نے گلگت سے کاشغر کے لئے بس سروس کا آغاز کردیا۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے فیتہ کاٹ کر بس سروس کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ آج نیٹکو کی پہلی بس مسافروں کو لیکر چائنہ کا شہر کاشغر روانہ ہوگی۔ اس موقع پر وزیر اعلی گلگت بلتستان نے کہا ہے کہ سابق حکومتوں نے نیٹکو کا پہیہ بٹھادیا تھا۔ سالانہ کروڑوں کی گرانٹ دینے کے باوجود نیٹکو کی حالت بہتر نہیں ہورہی تھی۔ پہلے نیٹکو کے اڈوں پر مسافروں کو بیٹھنے کے لئے مناسب جگہ نہیں مل رہی تھی۔ آج نیٹکو بہتری کی طرف گامزن ہے۔ نیٹکو میں آن لائن ٹکٹ بکنگ کا نظام قابل تعریف ہے۔ ہماری حکومت نے وزیر خزانہ عزیز احمد جمالی کو بطور ایم ڈی اس ادارے کو بہتر بنانے کا ٹاسک دیا تھا جو انہوں نے کم عرصے میں پورا کردیا۔اگر نیٹکو کو اچھے طریقے سے چلایا جائے تو یہ ایک بہترین منافع بخش ادارہ بن سکتا ہے۔ وزیر اعلی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے تمام سرکاری گاڑیوں کی مرمت نیٹکو کے ورک شاپ سے کروانے کے لئے اقدامات اٹھائیں گے، تاکہ مرمت کے نام پر سرکاری خزانے سے نکلنے والا پیسہ نیٹکو کو ملے۔ اس موقع پر وزیر اعلی گلگت بلتستان نے نیٹکو ملازمین کے لئے 15 فیصد الاونس دینے کا اعلان کردیا۔ ملازمین کے سروس سرٹیکچر پر بات کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا ہے کہ جب ہم نے حکومت سنبھالی تو گلگت بلتستان کے سرکاری ملازمین کے حوالے سے بڑے مسائل درپیش تھے الحمدللہ ہم نے وہ مسائل حل کردئیے اورآنے والے دنوں میں نیٹکو ملازمین کے مسائل بھی حل کریں گے۔ اس موقع پر صوبائی سیکریٹری خزانہ عزیز احمد جمالی نے وزیر اعلی کو نیٹکو کی کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیٹکو نے گزشتہ تین ماہ میں دو کروڑ روپے منافع کمایا۔ انہوں نے کہا ہے کہ نیٹکو نے اگست کے مہینے میں گلگت سے کراچی بس سروس کا آغاز کیا ہے جو منافع میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیٹکو ملازمین کی پچھلے دس سالوں سے کسی قسم کی کوئی ٹریننگ نہیںہوئی تھی ہم نے موٹروے پولیس، ریسکیو 1122 کے ذریعے ملازمین کی ٹریننگ کروایا اور خاص کر خوش اخلاقی کے حوالے سے تربیت کی ہے۔انہوں مے وزیر اعلی کو بتایا کہ نیٹکو نے گلگت بلتستان کے تمام دور دراز علاقوں کے لئے سردیوں کی گندم پہنچادی ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ انجینئر اسماعیل ،وذیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حاجی رحمت خالق ،ممبر اسمبلی امجد حسین ایڈووکیٹ ، ۔مبر اسمبلی جمیل احمد، معاون خصوصی برائے اطلاعات ایمان شاہ اور صوبائی سیکریٹریز نے شرکت کی۔ادھروزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان حاجی گلبر خان نے محکمہ منرلز کی جانب سے منرلز کنسیشن رولز کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئی لیزز کے حصول میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانا حکومت کی ترجیح ہے۔ ایسا نظام چاہتے ہیں جس میں تمام سرمایہ کاروں کو یکساں مواقع میسر ہوں۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ نئی لیزز کے اجراء کیلئے آن لائن سسٹم میں چیک اینڈ بیلنس کو یقینی بنایا جائے گا ۔ منرلز کی لیزز کے حوالے سے مقامی سرمایہ کاروں میں عدم تحفظ کے تاثر کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ لیز کے حصول کیلئے آن لائن سسٹم متعارف کرانے سے قبل مائننگ اینڈ منرلز ایسوسی ایشنزکو اعتماد میں لیا جائے۔ مانیٹرنگ ٹولز کو بہتر اور موثر بنایا جائے اور اس حوالے سے آگاہی سیشنز کا انعقاد کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے آن لائن لیزز کے حصول کے سسٹم کے حوالے سے چیک اینڈ بیلنس کیلئے نظام وضع کرنے منرلز ایسوسی ایشنز کو اس حوالے سے مکمل اعتمادمیں لینے کیلئے معاون خصوصی برائے مائننگ اینڈ منرلز مولانا سرورشاہ کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی تشکیل دی جس میں صوبائی سیکریٹری منرلز، سیکریٹری قانون، سیکریٹری آئی ٹی اور سیکریٹری واٹر اینڈ پاور شامل ہیں جو دو ہفتوں میںاپنے سفارشات کو حتمی شکل دے کر متعلقہ فور م میں پیش کرے گی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button