امریکہ ایران تنازع،پاکستان کی مؤثر سفارتکاری کے ثمرات ظاہر ہونا شروع

نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان جسٹس (ر) یار محمد نے کہا ہے کہ پاکستان نے امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران محتاط اور مؤثر سفارتکاری کے ذریعے تناؤ میں کمی لانے میں مثبت کردار ادا کیا ہے، جو قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ 07 اپریل 2026ء کو ہونے والی پیش رفت کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان عارضی جنگ بندی پر اتفاق سامنے آیا، جو خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک اہم قدم ہے۔
اس پیش رفت کے ساتھ عالمی معاشی صورتحال خصوصاً تیل کی منڈی پر مثبت اثرات متوقع ہیں۔نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر متوازن اور دانشمندانہ حکمتِ عملی اختیار کی۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ بین الاقوامی سطح پر مختلف حلقوں کی جانب سے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہا جا رہا ہے جو ملک کے مثبت کردار کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال قومی یکجہتی، سنجیدگی اور ذمہ دارانہ رویے کی متقاضی ہے۔ غیر ضروری تنقید اور منفی بیانیوں کے بجائے اجتماعی مفاد کو مقدم رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔جسٹس (ر) یار محمد نے تمام سیاسی و سماجی طبقات سے اپیل کی کہ وہ قومی مفاد میں اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کریں اور جاری سفارتی عمل کی کامیابی کے لیے مثبت کردار ادا کریں، تاکہ خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار ہو سکے۔











