7میڈیکل سٹورز کے لائسنس منسوخ و سیل ، 8مقدمات عدالت بھجوانے، 2میڈیکل سٹورز پر بھاری جرمانے عائد کرنے کی منظوری

ڈرگ کوالٹی کنٹرول بورڈ گلگت بلتستان کا اہم اجلاس سیکریٹری صحت و چیئرمین بورڈ آصف اللہ خان کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ڈرگ ایکٹ کی خلاف ورزی سے متعلق مختلف اضلاع سے پیش کیے گئے 22کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ میڈیکل اسٹورز کے مالکان کو موقف پیش کرنے کا موقع بھی فراہم کیا گیا۔مقدمات کی جانچ پڑتال کے دوران غیر معیاری، غیر رجسٹرڈ اور زائد المیعاد ادویات کی فروخت، سرجیکل آلات کی خلاف ضابطہ موجودگی اور اسٹورز پر مستند فارماسسٹ کی عدم تعیناتی جیسے سنگین خلاف ورزیاں ثابت ہوئیں، جس پر بورڈ نے سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا۔اجلاس میں 7میڈیکل اسٹورز کے لائسنس منسوخ کرکے انہیں سیل کرنے، 8مقدمات عدالت کو بھجوانے اور 2میڈیکل اسٹورز پر بھاری جرمانے عائد کرنے کی منظوری دی گئی، جبکہ مختلف سٹورز پر 4 فارماسسٹ تعینات کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔











