لیکروس فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کا وائس چانسلر سے ملاقات، کھیل کے فروغ پر تبادلہ خیال

قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ سے پاکستان لیکروس فیڈریشن ( پی ایل ایف) کے جنرل سیکرٹری انجینئر طیفور زرین نے ملاقات کی۔ شعبہ تعلقا ت عامہ کے آئی یو کے مطابق ملاقات میں لیکروس کھیل کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ملاقات میں جنرل سیکرٹری لیکروس طیفورزرین نےپی ایل ایف کی حالیہ کوششوں پر روشنی ڈالی۔اس موقع پروائس چانسلر کے آئی یو پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے لیکروس کوجامعہ قراقرم کے کھیلوں کے پروگراموں میں شامل کرنے میں گہری دلچسپی ظاہرکرتے ہوئے کہاکہ جامعہ قراقرم خطے کی واحد بڑی پبلک یونیورسٹی کے طور پر جو تقریباً 10,000 طلبہ کو اعلیٰ تعلیم وتحقیق کے مواقع فراہم کررہی ہے۔
کے آئی یوکھیلوں کو طلبہ کی صحت، ٹیم ورک اور علاقائی ترقی کے لیے ایک اہم ذریعہ سمجھتی ہے۔ملاقات کے دوران متعدد تعاون کے امکانات پر بھی بات کی گئی جن میں جامعہ قراقرم میں لیکروس کلب یا ٹیم کے قیام کی تجویز تاکہ طلبہ کی شرکت اور بین الجامعاتی مقابلوں کو فروغ دیا جائے۔کیمپس میں مشترکہ تربیتی ورکشاپس اور ٹورنامنٹس کا انعقاد، لیکروس کو یونیورسٹی کے فزیکل ایجوکیشن نصاب میں شامل کرنا تاکہ اسے کرکٹ اور فٹ بال جیسے روایتی کھیلوں کے متبادل کے طور پر فروغ دیا جائے۔پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے ہونہار کھلاڑیوں کے لیے ممکنہ سپانسرشپس اور اسکالرشپس تاکہ قومی اور بین الاقوامی سطح کے لیے ایک پائیدار ٹیلنٹ پائپ لائن بنائی جا سکے۔پی ایل ایف کے جنرل سیکرٹری نے کہاکہ اس تعاون سے نہ صرف پاکستان میں لیکروس کی ساکھ کو بلند کرنے کی توقع ہے بلکہ کھیلوں کی تنظیموں اور تعلیمی اداروں کے درمیان رابطوں کو مضبوط کرنے میں بھی مدد ملے گی تاکہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ثقافتی تبادلے کو فروغ دیا جا سکے۔











