معدنیات وفاق کا نہیں صوبائی سبجیکٹ ہے،چیف سیکرٹری

سکردو ( رپورٹر محمدعلی )چیف سیکرٹری ابرار احمد مرزا نے کہا ہے کہ فیڈرل منرل انویسٹمنٹ ایکٹ 2025 سے متعلق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر حکومت نے اپنے تحفظات سے وفاق کو آگاہ کردیا ہے اور وفاق ہمارے تحفظات پر ہمدردانہ غور کررہی ہے ہم نے کہاہے کہ گلگت بلتستان کا موازنہ بلوچستان کے ساتھ نہیں کیا جاسکتا سکردو میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ معدنیات وفاق کا نہیں صوبائی سبجیکٹ ہے معدنیات کی تلاش کیلئے چھوٹی سطح کے لائسنس اور لیز صوبائی حکومت دیتی ہے تاہم وفاق میں جو مائننگ اینڈ منرلز ایکٹ کا جو مسودہ تیار ہوا ہے
اس کے تحت یہاں معدنیات کے شعبے میں بڑی سرمایہ کاری ہوگی مذکورہ ایکٹ کے ذریعے بڑے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو اس علاقے کی طرف لایا جائے گا مجوزہ ایکٹ کا ڈرافٹ ہمارے ساتھ بھی شیئر کیا گیا ہے اور ہمیں کہا گیا ہے کہ ہم وہ مسودہ اپنی اسمبلی میں لیکر جائیں مسودے سے متعلق ہم نے اپنے تحفظات بھی وفاق کو ارسال کردئیے ہیں اور وفاقی حکومت ہمارے تحفظات پر غور کررہی ہے انہوں نے کہاکہ معدنیات سے متعلق جو بھی قانون بنے گا وہ عوام کے مفاد میں ہوگا ہم نے کہاہیکہ معدنیات کے شعبے میں ہونے والی سرمایہ کار کا فائدہ یہاں کے لوگوں کو ملنا چاہیئے اور سرمایہ کار میں معقول حصہ کمیونٹی کو ملنا چاہیئے اور یہ طے کیا جائے گا کہ علاقے میں ہونے والی سرمایہ کاری میں کمیونٹی کا شیئر کتنا فیصد ہوگا اور سرمایہ کاری میں حکومت اپنا کتنا شیئر رکھے گی ؟
انہوں نے کہاکہ معدنیات کے حوالے سے جو بھی ڈیویلپمنٹ ہوگی اس سے یہاں کے عوام کو فائدہ ہوگا معدنیات تلاش کرنے کیلئے غیر ملکی سرمایہ کار آئیں گے تو علاقے کو کوئی نہ کوئی فائدہ ضرور ہوگا اس لئے عوام الناس کو پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے انہوں نے کہاکہ معدنیات کے لائسنس اور لیز صوبائی سطح پر قائم محکمہ معدنیات ہی دیتا ہے اور آئندہ بھی یہی محکمہ لائسنس اور لیز کے معاملات کو دیکھے گا تاہم معدنیات کے شعبے میں بڑی سرمایہ کاری کیلئے وفاقی سطح پر کوششیں ہورہی ہیں اور اس بارے میں ہم اپنی تجاویز اور تحفظات پہلے ہی وفاق کو ارسال کرچکے ہیں انہوں نے کہاکہ سکردو شہر میں واٹر سپلائی سکیم کو فیڈرل پی ایس ڈی پی میں شامل کرلیا گیا ہے اگلی دفعہ سیوریج اور ڈرینج کا منصوبہ پی ایس ڈی پی میں شامل کرائیں گے سکردو شہر کی خوبصورتی کیلئے ماسٹر پلان کو منظور کرانا اولین ترجیح ہے انہوں نے کہاکہ ندی نالوں کے آس پاس تعمیرات کرنے والوں کو روکنے کی اشد ضرورت ہے ورنہ مستقبل میں بڑے پیمانے پر نقصانات کا اندیشہ ہے ندی نالوں کے اطراف میں تعمیرات سے لوگوں کو روکنے کیلئے انتظامیہ کے ساتھ میڈیا کے لوگوں کو تعاون کرنا ہوگا
رواں سال بارشوں کا سال ہے ہمیں بہت محتاط رہنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہاکہ سکردو شہر کے مسائل کا ادراک ہے ان کے حل کیلئے جامع منصوبہ بندی کے تحت کام کررہے ہیں انشا اللہ عوام کو مشکلات سے نجات دلائیں گے۔