دنیورچوک میں پاک فوج سے یکجہتی کے اظہار کیلئے پُرامن ریلی کا انعقاد

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – اے پی پی۔ 09 مئی2025ء) ضلع گلگت تحصیل انتظامیہ دنیور کے زیرِ اہتمام دنیور چوک میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک پُرجوش اور پُرامن ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، اساتذہ، طلباء اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم، پاک فوج کے حق میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور ’’پاکستان زندہ باد‘‘، ’’پاک فوج پائندہ باد‘‘ اور ’’ہم تمہارے ساتھ ہیں‘‘ جیسے نعرے لگاتے رہے۔
ریلی کے مقررین اور شرکاء نے پاک فوج کے دفاع وطن میں کلیدی کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مادرِ وطن کی حفاظت کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔ریلی پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوئی اور عوام کے جذبے نے یہ واضح پیغام دیا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے