بھارتی جارحیت کے خلاف جماعت اسلامی گلگت کی احتجاجی ریلی، پاک فوج اور حکومتِ پاکستان سے یکجہتی کا اظہار

بھارتی جارحیت اور بزدلانہ حملوں کے خلاف جماعت اسلامی گلگت کے زیرِ اہتمام ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے پاک فوج کی مکمل حمایت اور حکومتِ پاکستان سے غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا۔مقررین کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے جاری جارحانہ اقدامات اور سرحدی خلاف ورزیوں کا مؤثر جواب دینا ناگزیر ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ہمیشہ ملک کے دفاع میں بے مثال قربانیاں دیں جن پر پوری قوم کو فخر ہے۔ مقررین نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قومی وحدت اور اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہر محاذ پر دشمن کی سازشوں کو ناکام بنائیں۔ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت مخالف نعرے اور وطن سے وفاداری کے جذبات درج تھے۔ مظاہرین "پاکستان زندہ باد” اور "پاک فوج پائندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگا کر اپنے جذبات کا اظہار کرتے رہے۔ریلی پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوئی جس نے یہ واضح پیغام دیا کہ پوری قوم وطن عزیز کے دفاع کے لیے اپنی مسلح افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔