موجودہ حالات کے پیش نظر ہمہ وقت الرٹ رہیں ، ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 گلگت بلتستان

موجودہ پاک-بھارت کشیدہ صورتحال کے تناظر میں ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 گلگت بلتستان، عظیم اللہ کی خصوصی ہدایت پر صوبہ بھر میں ریسکیو 1122 کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ہنگامی صورت حال کے دوران ایمرجنسی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام اضلاع میں عملی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل نے تمام ریسکیو اہلکاروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ موجودہ حالات کے پیش نظر ہمہ وقت الرٹ رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ صوبہ بھر کے تمام ریسکیو عملے کی چھٹیاں فوری طور پر منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 کے اہلکار عوام اور پاک فوج کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں۔ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق ڈائریکٹر جنرل عظیم اللہ جلد ہی تمام اضلاع کا ہنگامی دورہ کریں گے اور ادارے کی ہنگامی تیاریوں کا بنفس نفیس معائنہ کریں گے۔ اس موقع پر وہ ادارے کو مزید فعال بنانے کے لیے ضروری اقدامات اور ہدایات جاری کریں گے۔ انہوں نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انشاءاللہ ریسکیو 1122 ایک مستعد اور بھرپور فعال ادارہ بن کر عوام کی توقعات پر پورا اترے گا۔خیال رہے کہ ریسکیو 1122 کی جانب سے یہ اقدامات عوامی تحفظ اور ہنگامی ردعمل کی صلاحیت کو بہتر بنانے کے لیے اٹھائے گئے ہیں۔