آزادی صحافت کے عالمی دن کے حوالے سے سینٹرل پریس کلب گلگت اور گلگت یونین آف جرنلسٹس کےزیر اہتمام پریس کلب گلگت میں تقریب کا انعقاد

آزادی صحافت کے عالمی دن کے حوالے سے سینٹرل پریس کلب گلگت اور گلگت یونین آف جرنلسٹس کےزیر اہتمام پریس کلب گلگت میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی نذیر احمد ایڈووکیٹ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ گلگت بلتستان اسمبلی صحافیوں کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی انجام دہی میں آسانیاں پیداکرنے اور انکی بہبود کے لئےقانون سازی میں بھر پور کردار اداکرے گی ،معلومات تک رسائی کے بل میں موجود خامیاں دور کر کے جلد منظور کیا جائے گا۔گزشتہ سال صحافیوں کی بہبود کے لئے دس کروڈ روپے کے انڈومنٹ فنڈ کا اعلان کیا گیا ہے جس کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اسمبلی اپنا کردار ادا کرے گی۔
سپیکر نے پریس فائونڈیشن بل کی منظوری کے لئےذاتی حثیت میں دلچسپی لینے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے صحافی جدید ٹیکنالوجیز سے استفادہ کر کے اپنی استعدار کار کو مذید بہتر بنانے پر توجہ دیں تاکہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر پیش آنیوالے چیلنجز کا بہتر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی اطلاعات ایمان شاہ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے صحافیوں کی ایکریڈیشن ، میڈیا پالیسی اور ڈیجیٹل میڈیا پالیسی چند مہینوں کا کام تھا لیکن جان بوجھ کر اس کو التواء میں رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں معاون خصوصی اطلاعات کے عہدے کو بےتوقیر کر دیا گیااورصحافت کا گلہ گھونٹ دیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڈ نے حال ہی میں گلگت بلتستان میں میڈیا انڈسٹری اور اس شعبے سے وابستہ افراد کی بہتری کے لئے اقدامات کی یقین دہانی کرائی ہے اور اس کے نتائج جلد سامنے آنا شروع ہونگے ۔صوبائی صدر پیپلز پارٹی ورکن گلگت بلتستان اسمبلی امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہاکہ سوشل میڈیا کے اس دور میں درست معلومات کو عوام تک پہنچانے میں ریاست کے چوتھے ستون نے اپنا کردار ادا کرنا ہے اس معاشرے میں بے تحاشہ قدغنوں کی وجہ سے مسائل جنم لے رہے ہیں ریاست کے تمام ستون اپنی حدود میں رہ کر کام کریں تو مثالی معاشرہ تشکیل پا سکتاہے۔اس موقع پر تقریب کے انعقاد کے حوالے سے تعاون پرانوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی ،آغا خان رولر سپورٹ پروگرام اور محکمہ اطلاعات گلگت بلتستان کے کردار کو سراہا گیا۔تقریب کے بعد پریس کلب سے ٹون پل تک ریلی نکالی گئی جس میں صحافیوں کے حق میں اور آزادی صحافت کو محدود کرنے کی کوششوں کیخلاف نعرے بلند کئے گئے۔