گلگت بلتستان کمانڈر ایف سی این اے کا دیامر کا دورہ ،سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا

گلگت بلتستان کمانڈر ایف سی این اے نے دیامر کا دورہ کرکے سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران کمانڈر ایف سی این اے نے تانگیر کا فضائی جائزہ لیا اور بوشیداس ایف ڈبلیو او کیمپ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر کمانڈر نے حالیہ دہشت گردی کے بزدلانہ واقعے میں شہید ہونے والے اہلکار کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
بعد ازاں کمانڈر نے اعلیٰ سطحی سیکیورٹی اجلاس کی صدارت کی جس میں دیامر اور کوہستان کے انتظامی امور اور سیکیورٹی اداروں کے اعلیٰ حکام نے خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر جامع بریفنگ دی۔ اس موقع پر کمانڈر نے واضح کیا کہ بو شیداس واقعے میں ملوث دہشت گرد اور انتہاپسند عناصر کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور دہشت گردی کا مکمل قلع قمع کیا جائے گا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جو بھی دہشت گرد علاقے کے امن اور اہم ترقیاتی منصوبوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کریں گے، انہیں سخت اور فیصلہ کن انجام تک پہنچایا جائے گا۔ آخر میں کمانڈر ایف سی این اے نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے مکمل خاتمے، پائیدار قیامِ امن اور ترقیاتی عمل کے تسلسل کے لیے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھیں ۔












