عدالتوں میں زیر التواء مختلف محکموں کے مقدمات کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے خصوصی ہدایت جاری کی جائے گی ،جسٹس (ر) یار محمد

نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان جسٹس (ر) یار محمد نے لاء ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے دیئے جانے والے محکمانہ بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ قانون انتہائی اہمیت کا حامل ہے، فوری اور بروقت انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے اور عدالتوں میں زیر التواء مختلف محکموں کے مقدمات کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے تمام محکموں کو خصوصی ہدایت جاری کی جائے گی کہ مقررہ مدت کے اندر پیرا وائز کمنٹس عدالتوں میں جمع کرائیں تاکہ ان مقدمات میں غیر ضروری تاخیر سے اجتناب کیا جاسکے۔نگران وزیر اعلیٰ نے صوبائی سیکریٹری قانون کو ہدایت کی کہ پراسکیوشن سائٹ پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ محکمہ قانون کی جانب سے عدالتوں میں مختلف مقدمات اور پیشرفت کے حوالے سے مکمل ڈیٹا آن لائن کرنے کیلئے شروع کئے جانے والا لیٹی گیشن مینجمنٹ سسٹم کو نگران وزیر اعلیٰ نے سراہتے ہوئے اس سسٹم کو مزید فعال اور بہتر بنانے کی ہدایت کی۔اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ نے صوبائی سیکریٹری قانون کی جانب سے محکمے کو درپیش مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔










