ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر گلگت کی قیادت میں اجلاس، امن و امان کی بحالی اور شہریوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر گلگت اسحاق حسین (پی ایس پی) کی قیادت میں ڈی پی او آفس گلگت میں ایک اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔اس اجلاس میں ایڈیشنل ایس پی گلگت، سپرنٹنڈنٹ ڈی پی او ، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر گلگت، تینوں سرکلز کے ایس ڈی پی اوز، ڈی ایس پی ٹریفک، تمام ضلعی ایس ایچ اوز، انچارج ڈسٹرکٹ سیکیورٹی برانچ گلگت، او ایس آئی آفس اور ریڈر ٹو ڈی پی او گلگت نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر گلگت نے کہا کہ امن و امان کی بحالی اور شہریوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے،تمام داخلی و خارجی راستوں پر مشکوک افراد کی سخت نگرانی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ایس ایچ اوز اپنے علاقوں میں چیکنگ پوائنٹس کی خود نگرانی کریں،جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے،شہر کے اندر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔پولیس اہلکار عوام سے خوش اخلاقی اور عزت و احترام کے ساتھ پیش آئیں جبکہ دورانِ ڈیوٹی غفلت یا لاپرواہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔











