تازہ ترین
ضلع گلگت

اسکول کے بعد ایمبولنس، محمد شیراز نے گاؤں کے لوگوں کیلئے خدمت کی نئی مثال قائم کردی

گلگت بلتستان کے ننھے ولاگر محمد شیراز نے اسکول کے بعد اب اپنے گاؤں کے لوگوں کے لیے مفت ایمبولنس سروس فراہم کرکے خدمتِ انسانیت کی نئی مثال قائم کردی جس سے ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کو بروقت علاج کیلئے ہسپتال پہنچانا ممکن ہوسکے گا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ دنوں محمد شیراز نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ انہوں نے اپنے گاؤں کے خستہ حال اسکول کو سوشل میڈیا سے حاصل ہونے والی آمدنی سے جدید اسکول میں تبدیل کردیا ہے۔ننھے ولاگر نے ایک اور ویڈیو شیئر کی ہے جس میں شیراز نے بتایا کہ انہوں نے گاؤں کے لوگوں کے لیے مفت ایمبولنس سروس کا آغاز کیا ہے تاکہ مجبور اور مستحق افراد کی بروقت مدد کی جاسکے، کیونکہ ان کے مطابق ہر انسانی جان بہت قیمتی ہے۔

ویڈیو میں شیراز نے کہا کہ گاؤں میں علاج و معالجے کے لیے کوئی اچھا ہسپتال موجود نہیں، اسی لیے لوگوں کو علاج کے لیے ایک سے دو گھنٹے کا سفر کرکے شہر جانا پڑتا ہے جو نہ صرف مشکل ہے بلکہ اخراجات کے باعث اکثر لوگوں کی پہنچ سے بھی باہر ہوتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ گاؤں کی خواتین کو زچگی کے دوران شدید مشکلات کا سامنا رہتا ہے، برف باری اور سخت سردی کی وجہ سے یہاں بزرگ، خواتین اور بچے سب بہت کٹھن زندگی گزارتے ہیں، ایسے حالات میں اگر کوئی بیمار ہوجائے تو ایمرجنسی میں شہر لے جانے کے لیے گاڑی بھی میسر نہیں آتی۔شیراز نے کہا کہ انہی مشکلات کو دیکھتے ہوئے انہوں نے اپنے گاؤں کے لوگوں کے لیے ایک ایمبولنس خریدی ہے تاکہ ایمرجنسی کی صورت میں بزرگوں، خواتین اور بچوں سمیت سب کو بروقت علاج کے لیے ہسپتال پہنچایا جاسکے۔ننھے ولاگر کے اس اقدام سے بے شمار قیمتی جانیں بچ سکیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button