ایران کی جوہری سائٹس پر امریکی حملے سخت قابلِ مذمت ہیں، سر دار عتیق احمد

آل جمون وکشمیرمسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان نے کہا ہے کہ ایران کی جوہری سائٹس پر امریکی حملے سخت قابلِ مذمت ہیں،یہ حملے ہٹ دھرمی، جارحیت اور جنگی جرائم ہیں۔ اسرائیل کی پشت پناہی کے بعد اب امریکا کھل کر سامنے آگیا ہے ،امریکی جارحیت دنیا کا امن تباہ کرنے کے مترادف ہے،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دھوکا دہی اور فریب کا مظاہرہ کرتے ہوئے نئی جنگیں نہ شروع کرنے کے وعدے سے پھر گئے،پوری کشمیری اور پاکستانی قوم ایران کے ساتھ کھڑی ہے۔جو مسلمانوں پر بم برسائے اسے نوبیل انعام کے لیے نامزد کرنا ناقابلِ فہم ہے ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کی کارروائیوں کے خلاف مسلم امہ کومتحدہوناہوگا۔
صدر ٹرمپ نے 8 مرتبہ غزہ میں جنگ بندی کی قراردادوں کو مسترد کیا ہے۔امریکی حملے اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی اور ایک خطرناک اضافہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ قدم انسانیت کو ایک ایسے بحران میں دھکیلتا ہے جس کے نتائج ناقابل واپسی ہوسکتے ہیں۔اگر یہ صورتحال یونہی بڑھتی رہی تو اس کے نہایت تباہ کن نتائج مرتب ہوں گے، جو صرف اس خطے تک محدود نہیں رہیں گے۔ شہری جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ضروری ہے، اور تمام فریقین فوری طور پر جنگ بندی کریں۔ تمام اقوام کو بین الاقوامی قانون، خصوصاً بین الاقوامی انسانی قوانین کی پابندی کرنی چاہیے، خطے میں بحران کا حل صرف اور صرف اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کے مطابق مکالمے اور سفارت کاری کے ذریعے ہی ممکن ہے










