تازہ ترین
ضلع گلگت

مسلح افواج نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے، سید مہدی شاہ

 گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان کی شجاعت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ مسلح افواج نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ اتوار کو یہاں جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دفاع میں افواج پاکستان کی بے پناہ قربانیوں اور عزم نے دشمن ملک سمیت دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔سید مہدی شاہ نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن کا خواہاں رہا ہے اور مذاکراتی عمل سے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے، اسی لیے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان جوہری طاقت سے لیس ایک ذمہ دار ملک ہے اور امن کے لیے ہمیشہ ذمہ دارانہ کردار ادا کرتا رہا ہے۔

گورنر گلگت بلتستان نے 7 مئی کو ہندوستان کی غیر ذمہ دارانہ دراندازی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس عمل نے امن کے ماحول کو سبوتاژ کیا تاہم انھوں نے دونوں ممالک کے درمیان سیز فائر کرانے کی کوشش کرنے والے تمام ممالک کا کردار قابل تحسین قرار دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ افواج پاکستان نے بروقت اور مؤثر جواب دے کر ملک کا سر فخر سے بلند کیا اور پاک فضائیہ کے شاہینوں کی کارکردگی کو زبردست سراہا۔ سید مہدی شاہ نے افواج پاکستان کے تمام جوانوں اور پاکستان کے عوام کو تاریخی فتح پر مبارکباد دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button