تازہ ترین
ضلع گلگت

گلگت ،چیف منسٹر پیکیج کے تحت معذور افراد کیلئے پیشہ ورانہ تربیتی کورسز کا آغاز ہوگیا

چیف منسٹر پیکیج کے تحت معذور افراد کیلئے پیشہ ورانہ تربیتی کورسز کا آغاز ہوگیا، منصوبے کا مقصد معذور افراد کو بااختیار بنانا اور انہیں ہنر مندی کے ذریعے خود کفیل بننے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ اس وقت جاری تربیتی پروگراموں میں تقریبا 200 معذور افراد حصہ لے رہے ہیں، جنہیں مختلف عملی شعبہ جات جیسے پلمبنگ، الیکٹریشن، سلائی و کڑھائی، لوئر ڈویژن کلرک اور آفس مینجمنٹ کی جدید تربیت دی جا رہی ہے۔ان کورسز کو اس انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے کہ شرکا نہ صرف فنی مہارتیں حاصل کریں بلکہ مستقبل میں روزگار یا خود روزگاری کے بہتر مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔ پروگرام میں شرکت کرنے والے بیشتر افراد کا تعلق گلگت بلتستان کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں سے ہے، جنہیں تربیت کے دوران ہاسٹل کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے تاکہ انہیں قیام و طعام کے مسائل کا سامنا نہ ہو اور وہ مکمل یکسوئی کے ساتھ تربیت حاصل کر سکیں۔سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ اور آئی ایل سی گلگت کے نمائندوں نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے پروگرامز مستقبل میں بھی تسلسل سے جاری رہیں گے تاکہ افراد باہم معذوری کو معاشرتی و معاشی دھارے میں فعال کردار ادا کرنے کے مواقع میسر آئیں۔ یہ اقدام نہ صرف گلگت بلتستان میں معذور افراد کی فلاح و بہبود کی جانب ایک اہم قدم ہے بلکہ معاشرتی ہم آہنگی، شمولیت اور انسانی وقار کے فروغ میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button