بھارت مسلسل پاکستان کے خلاف الزام تراشی کر کے خطے میں جنگی ماحول کو ہوا دے رہا ہے ، وزیر اطلاعات گلگت بلتستان

وزیر اطلاعات گلگت بلتستان ایمان شاہ نے کہا ہے کہ بھارت مسلسل پاکستان کے خلاف الزام تراشی کر کے خطے میں جنگی ماحول کو ہوا دے رہا ہے ، پاکستان دنیا بھر میں دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتا ہے ۔ جمعرات کے روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان نے دو ٹوک الفاظ میں اپنا مؤقف عالمی برادری کے سامنے رکھا ہے کہ مودی حکومت کی کسی بھی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 1960ء میں عالمی بینک کی ثالثی سے طے پانے والا سندھ طاس معاہدہ دریائے سندھ سمیت دیگر دریاؤں کے پانی کی منصفانہ تقسیم کا ضامن ہے، جسے مودی سرکار معطل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، ایسا کوئی بھی اقدام نہ صرف غیر قانونی اور غیر اخلاقی ہوگا بلکہ اگر پاکستان کے حصے کا پانی روکنے کی کوشش کی گئی تو سخت ردعمل دیا جائے گا۔ایمان شاہ نے کہا کہ پاکستانی عوام اور افواج کا جذبہ آج 1965ء کی جنگ سے بھی زیادہ مضبوط ہے ، پاکستان آج ایک ایٹمی طاقت ہے اور دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام، میڈیا اور تمام سٹیک ہولڈرز نے یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے جو قابل تحسین ہے، چاہے 1965ء کی جنگ ہو یا کارگل کا محاذ، گلگت بلتستان کے عوام کی قربانیاں اور عسکری خدمات ناقابل فراموش ہیں۔وفاق کی جانب سے ڈیجیٹل میڈیا کی مکمل معاونت کی یقین دہانی سے متعلق اپنے حالیہ دورہ اسلام آباد کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں ڈیجیٹل میڈیا کے فروغ کے لیے مکمل تعاون کرے گی، پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں اور جلد نئی بھرتیاں کی جائیں گی۔ آخر میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان، ان کی کابینہ اور گلگت بلتستان کے عوام ریاست پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑے ہیں۔