گلگت بلتستان کے ریٹائرڈ سرکاری ملازمین نے اعلان کیا ہے کہ گروپ انشورنس کی ادائیگی نہ ہونے کے خلاف یکم نومبر کو وزیراعظم کا گلگت آمد پر احتجاجی مظاہرے سے استقبال کیا جائے گا ،

مظاہرے میں شرکت کے لئے پورے گلگت بلتستان سے ریٹائرڈ ملازمین کو گلگت آنے کی کال دی جائیگی۔اس بات کا فیصلہ ریٹائرڈ گورنمنٹ ملازمین ویلفیئر آرگنائزیشن گلگت بلتستان کے سرپرست اعلیٰ سید نظام الدین (سابق اے آئی جی پولیس)کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں آرگنائزیشن کی مرکزی کابینہ کے علاوہ جی بی کے دیگر اضلاع سے بھی ریٹائرڈ ملازمین کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس میں گروپ انشورنس کے حوالے سے ماتحت عدالتوں اور اعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں اور وفاق کی جانب سے جاری گزٹ نوٹیفکیشن پر 4 سال کا عرصہ گزرنے کے باوجو د عملدرآمد نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ ہمیں مسلسل دیوار سے لگایا جارہا ہے اور ہمارے صبر کا امتحان لیا جارہا ہے۔اجلاس کے شرکاء کا کہنا تھا
کہ اگر صوبائی حکومت اور وفاقی حکومت دلچسپی لے تو یہ مسئلہ ایک دن میں حل ہو سکتا ہے۔لہذا حکمرانوں کو چاہئے کہ وہ گلگت بلتستان کے ریٹائرڈ ملازمین کے جذبات سے کھیلنا بند کریں۔بصورت دیگر اپنے اس یک نکاتی جائز مطالبے کے لیے جی بی کے تمام ریٹائرڈ ملازمین اپنے اہل و عیال سمیت سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہونگے۔
اجلاس میں کہا گیا کہ گروپ انشورنس کا ایشو تمام موجودہ و سابق سرکاری ملازمین کا مشترکہ مسئلہ ہے۔کیونکہ ریگولر ملازمین نے بھی ریٹائرمنٹ کے بعد گروپ انشورنس کی سہولت سے لازمی مستفید ہونا ہے۔اس لیے اس اجلاس کی وساطت سے جی بی کے تمام ریگولر گورنمنٹ ملازمین کو دعوت دی جاتی ہے کہ وہ عنقریب شروع ہونے والی ریٹائرڈ ملازمین کی احتجاجی تحریک کا حصہ بن کر اس تحریک کی کامیابی کے لیے کردار ادا کریں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ حال ہی میں آرگنائزیشن کے نمائندہ وفد نے گورنر سید مہدی شاہ اور چیف سیکرٹری ابرار احمد مرزا سے تفصیلی ملاقات کرکے اپنی معروضات پیش کی تھیں۔
جس پر دونوں اعلیٰ شخصیات نے اس اہم مسئلے کے حل کیلئے واضح یقین دہانی بھی کرائی تھی۔مگر اب تک کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے۔اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ گروپ انشورنس کی ادائیگی کے یک نکاتی مطالبے پر عملدرآمد تک گلگت بلتستان کے ریٹائرڈ گورنمنٹ ملازمین چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔اجلاس میں وزیر اعظم شہبازشریف سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ذاتی دلچسپی لے کرجی بی کے ریٹائرڈ گورنمنٹ ملازمین کو گروپ انشورنس کی جلد از جلد ادائیگی یقینی بنانے کے احکامات جاری کریں۔