نگران وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی اسلام آباد کی امام بارگاہ خدیجتہ الکبری میں دھماکے کی مذمت

نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان جسٹس (ر)یار محمد نے اسلام آباد کے علاقے ترلائی امام بارگاہ خدیجتہ الکبری میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد اور ملک دشمن عناصر کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، اپنے مذموم مقاصد کیلئے بے گناہ شہریوں کو شہید کررہے ہیں۔ جاری بیان میں نگران وزیراعلیٰ نے کہاکہ ایسی بزدلانہ کارروائیوں کا مقصد پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہے۔نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردوں کے ان ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کیلئے ہمیں آپس کے ہر قسم کے اختلافات کو پس پشت ڈال کر اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام باشعور اور محب وطن ہیں۔ میری گلگت بلتستان کے عوام سے بھی اپیل ہے کہ امن کے خلاف ہر قسم کی سازش کو ناکام بنانے اور دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے اتحاد و اتفاق اور بھائی چارگی کا مظاہرہ کریں۔اپنے ارد گرد ماحول پر نظر رکھیں اور گلگت بلتستان کا امن خراب کرنے والوں کی نشاندہی کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ گلگت بلتستان اور ملک کے خلاف ہونے والے تمام سازشوں کا مل کر مقابلہ کریں اور دشمن کے سازشوں کو سمجھتے ہوئے ان ناپاک سازشوں کو ناکام بنائیں۔ اس موقع پر نگران وزیر اعلی نے اسلام آباد کے علاقے ترلائی امام بارگاہ خدیجتہ الکبری میں دہشت گردی کے واقعے میں شہید ہونے والوں کی بلند درجات اور لواحقین کے صبر و جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاء کی ہے۔











