ڈپٹی کمشنر گلگت سے دنیور یوتھ اینڈ ویلفیئر آرگنائزیشن کے وفد کی ملاقات، عوامی مسائل پر تبادلہ خیال

ڈپٹی کمشنرگلگت امیر اعظم حمزہ سے دنیور یوتھ اینڈ ویلفیئر آرگنائزیشن کے وفد نے ملاقات کر کے عوامی مسائل بارے آگاہ کیا۔ویلفیئر آرگنائزیشن صدر، جنرل سیکرٹری اور رابطہ کمیٹی کے ذمہ داران نے ملاقات میں جی ڈبلیو ایم سی کے دفتر کی دنیور منتقلی، صفائی ستھرائی، جعلی انتقالات، دنیور محمد آباد ہسپتال کے مسائل اور قیمتوں کے کنٹرول پر عملدرآمد کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ڈپٹی کمشنر گلگت نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ جعلی انتقالات کے حوالے سے انہوں نے متعلقہ حکام کو تفصیلی ڈیٹا فراہم کرنے کی ہدایت دی تاکہ فوری ایکشن لیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صفائی ستھرائی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ جی ڈبلیو ایم سی کے دفتر کو دنیور منتقل کرنے کے لیے ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔ پرائس کنٹرول اور دنیور محمد آباد ہسپتال کے مسائل کو بھی جلد حل کیا جائے گا۔ وفد نے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔