محکمہ خوراک عوام کی فلاح و بہبود کیلئے پرعزم ہے، معیاری خوراک کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں،صفدرخان

سیکرٹری خوراک گلگت بلتستان صفدر خان سے عوامی ایکشن کمیٹی کے نمائندوں فدا حسین اور حاجی کمان خان نے ملاقات کی۔ اس موقع پر عوام کو درپیش مسائل، آٹے کے معیار اور تقسیم کے نظام پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔سیکرٹری خوراک صفدر خان نے اس موقع پر واضح کیا کہ آٹے کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اگلے ہفتے سے عوام کو معیاری آٹا فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے تمام فیلڈ آفیسران کو سختی سے ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اپنے سٹیشن پر موجود رہیں تاکہ عوام کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ گندم کا کوٹہ آبادی کے تناسب سے تقسیم کیا جا رہا ہے اور اگر کسی کو کوئی شکایت ہو تو وہ فوری طور پر متعلقہ حکام سے رابطہ کر سکتا ہے،کسی بھی قسم کی کوتاہی یا بدانتظامی پر سخت ایکشن لیا جائے گا تاکہ خوراک کی تقسیم میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پر رجسٹریشن کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن کا عمل کامیابی سے جاری ہے اور اب تک 2023 کی مردم شماری کے مقابلے میں زیادہ افراد رجسٹر ہو چکے ہیں۔ 2023 کی مردم شماری کے مطابق گلگت بلتستان کی آبادی 17,10,907 تھی جبکہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اب تک 17,34,674 افراد کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہےاور ساتھ ہی نادرا سے ڈیٹا کی تصدیق کا عمل بھی جاری ہے جس کے بعد حقیقی صورتحال سامنے آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک گلگت بلتستان عوام کی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے اور معیاری خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔ عوام سے گزارش کی جاتی ہے کہ وہ کسی بھی مسئلے کی صورت میں متعلقہ حکام سے رابطہ کریں تاکہ فوری اور مؤثر حل ممکن بنایا جا سکے۔عوامی ایکشن کمیٹی کے نمائندوں نے سیکریٹری خوراک کے اقدامات کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان اصلاحات کے مثبت اثرات جلد عوام تک پہنچیں گے۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے خوراک کے نظام میں بہتری اور شفافیت کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔