آئندہ ہر ضلع میں آئس ہاکی ٹورنامنٹ کو ایک کیلنڈر ایونٹ کے طور پر منعقد کیا جائے گا ، چیف سیکریٹری

چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا نے کہا ہے کہ خطہ گلگت بلتستان، خاص طور پر بلتستان، میں سرمائی سیاحت (ونٹر ٹورازم) کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ ہر ضلع میں آئس ہاکی ٹورنامنٹ کو ایک کیلنڈر ایونٹ کے طور پر منعقد کیا جائے گا اور مقامی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کروانے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔ابرار احمد مرزا سکردو میں جاری آئس ہاکی ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سکردو اب ایک سیاحتی حب کے طور پر ابھر رہا ہے اور انتظامیہ سرمائی سیاحت کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان ہر موسم میں اپنی منفرد خوبصورتی اور ثقافتی رنگ پیش کرتا ہے جو ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو اپنی جانب کھینچتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہاں سیاحت کے فروغ سے مقامی معیشت مستحکم ہوگی اور خطے میں خوشحالی آئے گی۔ ان کے مطابق کسی بھی علاقے کی ترقی کے لیے امن سب سے ضروری عنصر ہے اور الحمدللہ گلگت بلتستان امن کا گہوارہ ہے۔ اس امن اور خوبصورتی کو مدنظر رکھتے ہوئے سیاحتی سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔چیف سیکریٹری نے کہا کہ انتظامیہ روایتی کھیلوں کی حوصلہ افزائی اور ان کے فروغ کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے آئس ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں شریک جیتنے اور ہارنے والی ٹیموں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مثبت تبدیلیوں کو خوش آمدید کہیں اور اس خطے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔