تازہ ترین
پاکستان

جعلی خبریں پھیلانے والوں کو کٹہرے میں لانا وقت کی اہم ضرورت ہے،جنرل عاصم منیر

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بیرونی پروپیگنڈہ کو عوام، مسلح افواج اور اداروں کے درمیان دراڑ ڈالنے کی مذموم کوشش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بعض سیاسی عناصر کی طرف سے پاکستان دشمن سازش ہے

انہوں نے واضح کیا کہ بیرونی عناصر کی مدد سے پروپیگنڈے کی یہ کوششیں ملک کو سیاسی طور پر کمزور کرنے کے لیے کی جا رہی ہیں، مگر ایسی قوتیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی

آرمی چیف کی زیر صدارت دو روزہ 84ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں کور کمانڈرز، پرنسپل سٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے پاکستان کے امن و استحکام کے لیے شہدائے افواجِ پاکستان، سیکیورٹی اہلکاروں اور حالیہ پر تشدد مظاہروں میں جان دینے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ جعلی خبریں پھیلانے والوں کی نشاندہی اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کانفرنس کے شرکاء نے بیرونی اور اندرونی خطرات کے تناظر میں موجودہ صورتحال پر بریفنگ لی اور پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔

کانفرنس نے پاکستان کی اہم سرکاری عمارتوں کو محفوظ بنانے اور غیر ملکی وفود کو دورہ پاکستان کے دوران محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے کیے جانے والے بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈے پر تشویش کا اظہار کیا۔ شرکاء نے کہا کہ ذاتی مفادات کے لیے شہریوں کو ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کرنے اور تشدد کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

کانفرنس میں دہشتگردوں کی افغانستان کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ شرکاء نے افغان عبوری حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی سرزمین کو دہشتگردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔

فورم نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے کشمیری عوام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کا اعادہ کیا۔ اسی طرح فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے غزہ میں جاری مظالم کی پُر زور مذمت کی اور وہاں فوجی جارحیت کے خاتمے کے لیے بین الاقوامی قانونی اقدامات کی حمایت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button