ضلع گلگت
2 روسی کوہ پیماؤں کو تین دن سے زائد عرصے تک 6 ہزار 400 میٹر کی بلندی پر پھنسے رہنے کے بعد گیشربرم IV سے بچا لیا گیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق 5 رکنی ریسکیو ٹیم منگل کو 6 ہزار میٹر کی بلندی پر کوہ پیماؤں کو ایڈوانس بیس کیمپ تک لانے میں کامیاب رہی۔
توقع ہے کہ آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز آج (بدھ) کوہ پیماؤں کو اسکردو لے جائیں گے۔
روسی کوہ پیماؤں کے ٹور آپریٹر کے مطابق دونوں کوہ پیماؤں کی ٹانگوں اور بازوؤں میں چوٹیں آئی ہیں اور ممکنہ طور پر فریکچر ہوا ہے، تاہم اب وہ خطرے سے باہر ہیں۔
یاد رہے کہ کوہ پیما میخائل میرونوف اور سرگئی میرونوف پانچ رکنی ٹیم کا حصہ تھے جو پہاڑ پر چڑھنے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم وہ ہفتے کو 6,400 میٹر کی بلندی پر برفانی تودے کی زد میں آ گئےتھے۔