صوبائی سیکریٹری برائے مواصلات و تعمیرات عامہ سبطین احمد نےحالیہ سیلاب سے متاثر ہ علاقوں کا دورہ کیا۔

گلگت : وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی خصوصی ہدایات پر صوبائی سیکریٹری برائے مواصلات و تعمیرات عامہ سبطین احمد نے حالیہ سیلاب سے متاثر ضلع گنگ چھے کے مختلف علاقوں ہرا داس تھاغس ، غربوچنگ ، تنگو نالہ ، ہلدی پل ، تھوقموس تا فرانو کے درمیان دریائے کٹاؤ ، غور سے سرمو پڑی ، برانگمر ،سٹی پارک دریائے شیوک کے کٹاؤ سے متاثرہ مقامات ، سمیت ضلع میں جاری مختلف ترقیاتی سکیمیں فرانو نالہ لنک روڈ ، ڈغونی بلغار میٹلنگ روڈ کا تفصیلی دورہ کیا اور بحالی کیلئے کئے جانیوالے اقدامات سمیت مختلف سائٹس پر جاری تعمیراتی پیشرفت اور سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور سائٹ پر جاری تعمیراتی پیشرفت کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کنگ چھے عباس علی اور ایگزیکٹو انجینئر محمکہ مواصلات و تعمیرات عامہ شاہد علی سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے اعلی حکام بھی انکے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر کنگ چھے نےبریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ بارشوں کے بعد نالوں اور دریاؤں میں شدید طغیانی کے سبب آبپاشی کے چینل ، زمینی کٹاؤ ، مختلف علاقوں کو ملانے والی سڑکوں پلوں سمیت نشیبی علاقے متاثر ہوئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ سمیت متعلقہ محکمے متاٹرہ انفراسٹریکچر کی بحالی اور عوام کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات بروئے کار لا رہے ہیں۔
اس موقع پر مقامی کمیونٹی نے بھی صوبائی سیکریٹری برائے مواصلات و تعمیرات عامہ کو حالیہ سیلاب سے متاثرہ انفرا سٹرکچر کی بحالی سمیت نشیبی علاقوں میں سیلاب سے حفاظتی انتظامات کیلئے طویل مدتی حکمت عملی وضع کرنے کا مطالبہ کیا۔ صوبائی سیکریٹری مواصلات و تعمیرات عامہ نے اس موقع پر احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی کی بنیاد پر کام کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں تاکہ سیلاب اور دریائی کٹاو سے متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر بحالی کیلئے اقدامات کئے جا سکیں انہوں نے مزید کہا کہ ضلع میں سڑکوں اور پلوں کی بحالی سمیت دیگر انفاسکچر کیلئے اقدامات میں تیزی لائی جائے تا کہ عوام کو درپیش مسائل فوری طور پر حل ہوں۔ انہوں نے ضلع کنگ چھے کے عوام کو درپیش دیگر مسائل کے حل کیلئےموقع پر احکامات جاری کر دئیے۔