شیخ آغا باقر کی عوام سے اپنے جذبات کو قابو میں رکھتے ہوئے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل

گلگت بلتستان کے اہم مذہبی پیشوا شیخ آغا باقر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے جذبات کو قابو میں رکھتے ہوئے صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔ ہمارا احتجاج ہر حال میں پُرامن رہنا چاہیے۔سکردوبلتستان کے عوام کے نام اپنے پیغام میں شیخ آغا باقر نے کہا کہ موجودہ حالات میں سکردو بلتستان کے تمام باشعور عوام سے دردمندانہ اپیل کرتا ہوں کہ اپنے جذبات کو قابو میں رکھتے ہوئے صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔
ہمارا احتجاج ایک اصولی اور نظریاتی مؤقف کا اظہار ہے، اور یہ ہر حال میں پُرامن رہنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ کسی بھی سرکاری عمارت، قومی ادارے یا عوامی املاک کو نقصان پہنچانا کسی صورت درست نہیں۔
شیخ آغا باقر نے کہا کہ پاکستان ہمارا وطن اور ہمارا مشترکہ گھر ہے‘ اس کی حفاظت ہم سب پر لازم ہے۔ ہمیں ایسے کسی عمل سے بچنا ہے جس سے ہمارے اپنے ملک کو نقصان پہنچے۔
ہماری آواز صیہونی مظالم کے خلاف ہے، نہ کہ اپنے وطن یا اس کے اداروں کے خلاف۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے احتجاج کو نظم، اتحاد اور قانونی حدود کے اندر رکھتے ہوئے جاری رکھنا ہے تاکہ ہمارا پیغام مؤثر اور باوقار انداز میں دنیا تک پہنچے۔اللہ تعالیٰ ہمارے وطن پاکستان کو سلامت رکھے اور سکردو بلتستان میں امن و استحکام قائم رکھے۔











