امن خراب کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم، ریاستی رٹ ہر صورت برقرار رکھی جائے گی، گورنرمہدی شاہ

گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے گلگت بلتستان میں حالیہ صورتحال کے تناظر میں صوبائی نگران حکومت کو ہدایت کی ہے کہ حالات خراب کرنے والے عناصر کے خلاف مؤثر اور فیصلہ کن کارروائی عمل میں لائی جائے ،قانون ہاتھ میں لینے والوں کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے تاکہ خطے میں امن و امان کی فضا ہر صورت برقرار رکھی جا سکے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان ایک پُرامن خطہ ہے اور کسی کو بھی امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے اور پُرامن ماحول کے قیام کے لیے تمام ضروری اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔
گورنر کا کہنا تھا کہ ریاستی رٹ ہر حال میں قائم رکھی جائے گی اور امن دشمن سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔گورنر مہدی شاہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں، ایک دوسرے کے فرقہ وارانہ عقائد کا احترام کریں اور بالخصوص سوشل میڈیا پر ایسا کوئی مواد شیئر کرنے سے گریز کریں جس سے کسی بھی مکتبہ فکر کی دل آزاری ہو یا معاشرے میں انتشار پھیلے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ گلگت بلتستان میں پائیدار امن، بھائی چارے اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ خطے کی ترقی اور خوشحالی کا سفر بلا تعطل جاری رہ سکے۔











