بنگلہ دیش نیشنل کرکٹ چیمپیئن شپ کا آغاز، سخت قوانین نافذ

ڈھاکا: بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کی جانب سے 64 ٹیموں پر مشتمل نیشنل کرکٹ چیمپیئن شپ کے لیے عمر اور رہائشی قوانین کو مزید سخت کردیا گیا ہے تاکہ مقابلے کا معیار بہتر بنایا جا سکے۔رپورٹس کے مطابق اتوار سے شروع ہونے والے 2 درجوں پر مشتمل 50 اوورز کے اس ٹورنامنٹ میں اب کسی بھی ٹیم کو 30 سال سے زیادہ عمر کے 4 سے زیادہ کھلاڑی میدان میں اتارنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
بی سی بی کی جانب سے اس اقدام کا مقصد بڑی عمر کے کھلاڑیوں کی شرکت کی حوصلہ شکنی اور انڈر 23 ٹیلنٹ کی منظم تیاری کو فروغ دینا ہے۔
نئے قواعد کے تحت ٹیمیں اپنے ضلع سے باہر کے زیادہ سے زیادہ 3 کھلاڑی شامل کر سکیں گی، جس سے ماضی کی اس روایت کا خاتمہ ہو گیا ہے جس میں بعض اوقات مکمل اسکواڈ غیر مقامی کھلاڑیوں پر مشتمل ہوتا تھا۔اس کے علاوہ نیشنل کرکٹ چیمپیئن شپ میں 32، 32 ٹیموں کو 2 درجوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور ترقی و تنزلی کا نظام بھی نافذ ہوگا۔ ٹاپ درجے کے گروپ فاتحین اپریل 2026 میں ہونے والے 3 روزہ مقابلوں میں شرکت کریں گے۔رپورٹس کے مطابق نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے بورڈ نے 16 مقامات پر کوچز تعینات کیے ہیں جو خصوصی اسکاؤٹنگ پروگرام کے تحت کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔












