رمضان ہمیں صبر، تقویٰ، ایثار اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے،نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان

نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان جسٹس (ر) یار محمد نے ماہ رمضان کی آمد پر عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک رحمتوں، برکتوں اور مغفرت کا مہینہ ہے جو ہمیں صبر، تقویٰ، ایثار اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ مقدس مہینہ ہمیں معاشرے کے غریب، نادار اور مستحق افراد کا خیال رکھنے اور ان کی مدد کرنے کا عملی سبق دیتا ہے۔نگران وزیر اعلیٰ نے رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے انتظامیہ کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام اضلاع میں اشیائے خوردونوش کی وافر فراہمی یقینی بنائی جائے۔ سرکاری نرخ ناموں پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹ چیکنگ کی جائے۔
ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کیخلاف بلامتیاز کارروائی کی جائے۔مساجد اور امام بارگاہوں میں سکیورٹی کے موثر انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ہسپتالوں میں ایمرجنسی سروسز اورادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔نگران وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں متحرک رہیں اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے موثرمانیٹرنگ نظام قائم کریں۔ نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام بھی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں، قانون کی پاسداری کریں اور صفائی ستھرائی و نظم و ضبط کا خاص خیال رکھیں تاکہ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ پرامن اور خوشگوار ماحول میں گزارا جاسکے۔نگران وزیر اعلیٰ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اس بابرکت مہینے کی حقیقی روح کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور گلگت بلتستان سمیت پورے ملک میں امن، استحکام اور خوشحالی نصیب فرمائے۔











