تازہ ترین
ضلع گلگت

گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے سرمایہ کاری کو فروغ دینا لازمی ہے،نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان

نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان و چیئرمین گلگت بلتستان بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ جسٹس (ر) یار محمد نے گلگت بلتستان بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کی جانب سے دیئے جانے والے محکمانہ بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے سرمایہ کاری کو فروغ دینا لازمی ہے۔

گلگت بلتستان بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کا قیام گلگت بلتستان میں سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور سرمایہ کاروں کو مناسب ماحول کی فراہمی میں معاون ثابت ہوگا۔ سی پیک کے حوالے سے گلگت بلتستان میں سپیشل اکنامک زون کا قیام معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور روزگار کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

نگران وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر سیکرٹری انڈسٹریز اور ڈائریکٹر جنرل گلگت بلتستان بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کو ہدایت کی کہ بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے رولز کو جلد حتمی شکل دے کر منظوری کیلئے متعلقہ فورم میں پیش کریں۔

بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو گلگت بلتستان کی جانب راغب کرنے کیلئے انوسٹمنٹ کانفرنس کے انعقاد کیلئے محکمہ ضروری اقدامات کرے۔ گلگت بلتستان میں موجود تاجروں اور کمپنیوں کی بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی کو ممکن بنانے کیلئے بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ اپنا فعال کردار ادا کرے۔ نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تمام متعلقہ محکموں کو چاہئے کہ گلگت بلتستان بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے ساتھ کوآرڈنیشن اور تعاون کو یقینی بنائیں تاکہ مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو درکار سہولیات کی فراہمی اور ون ونڈو آپریشن کی سہولت فراہم کی جاسکے۔

نگران وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر سیکرٹری انڈسٹریز اور ڈائریکٹر جنرل گلگت بلتستان بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کو ہدایت کی کہ گلگت بلتستان انوسٹمنٹ پالیسی پر جلد از جلد کام شروع کیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button