’پاکستانی ٹیم بھارتی سورماؤں کو دھول چٹانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے

سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان بھارت کے خلاف فیورٹ ہے اور قومی ٹیم بھارتی سورماؤں کو دھول چٹائے گی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاک بھارت ٹاکرے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ چند ماہ سے پاکستان ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل نظر آ رہا ہے، جس کی بنیاد پر امید ہے کہ پاکستان بھارت کو شکست دے گا۔
انہوں نے میچ کی حکمت عملی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس بڑے مقابلے میں اصل جنگ دونوں ٹیموں کے اسپنرز کے درمیان ہوگی، اس اہم میچ میں پاکستان بھارت کے خلاف فیورٹ ہے اور قومی ٹیم بھارتی سورماؤں کو دھول چٹانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ موجودہ مذاکرات اور حالات کے تناظر میں بھارتی کھلاڑی میچ کے بعد ہاتھ ملائیں گے یا نہیں، یہ تو وقت ہی بتائے گا، تاہم پاکستانی کھلاڑی ہمیشہ آئی سی سی کے کوڈ آف کنڈکٹ پر سختی سے عمل پیرا رہتے ہیں۔
دوسری جانب اظہر محمود کا کہنا ہے کہ پاک بھارت میچ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا امتزاج اچھا ہے، پاکستانی ٹیم جیسا کھیل رہی ہے اچھا میچ دیکھنے کو ملے گا، اپنے آپ کو کنٹرول کریں تو آپ درست فیصلہ لے سکیں گے۔












