ڈرائیورزاپنا ڈرائیونگ لائسنس ،گاڑی کے تمام قانونی کاغذات ہمہ وقت ساتھ رکھیں،صدر ڈرائیور یونین گلگت بلتستان

صدر ڈرائیور یونین گلگت بلتستان حاجی تاج حیدر نے اپنے ایک اخباری بیان میں تمام ڈرائیور حضرات کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ دوران ڈرائیونگ اپنا ڈرائیونگ لائسنس اور گاڑی کے تمام قانونی کاغذات ہمہ وقت اپنے ساتھ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی صورت میں اپنے کم عمر بچوں کو گاڑی یا موٹر سائیکل چلانے کی اجازت نہ دی جائے کیونکہ یہ نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ بچوں اور عوام کی جانوں کو بھی خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔
صدر ڈرائیور یونین نے مزید بتایا کہ اس مہینے ٹریفک قوانین اور رولز کے تحت گلگت بلتستان کے تمام روٹس پر ڈرائیونگ لائسنس اور گاڑیوں کے کاغذات کی باقاعدہ چیکنگ کی جا رہی ہے۔ اس لیے تمام ڈرائیور حضرات سے گزارش ہے کہ وہ ٹریفک پولیس اور متعلقہ ڈیوٹی پر موجود افسران کیساتھ اخلاق اور شائستگی کا مظاہرہ کریں، اور چیکنگ کے دوران اپنا ڈرائیونگ لائسنس اور گاڑی کے کاغذات خوش اسلوبی سے پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جس سے نہ صرف حادثات میں کمی آئے گی بلکہ ایک محفوظ اور منظم ٹریفک نظام بھی قائم ہوگا ۔











