چپورسن زلزلہ متاثرین کیلئے ونٹرائزڈ ٹینٹس، فوڈ پیکس اور امدادی سامان روانہ، سڑک ایمرجنسی بنیادوں پر بحال

نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان جسٹس(ر) یار محمد کے احکامات کے مطابق چپورسن کے زلزلہ متاثرین کیلئے گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ونٹرائزڈ ٹینٹس، فوڈ پیکس، کیروسین ہیٹرز، کمبل، گرم کپڑے اور شالیں روانہ کردی گئی ہیں جبکہ ایمرجنسی بنیادوں پر چپورسن روڈ بھی بحال کر دی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے دفتر سے جاری ایک بیان کے مطابق نگران صوبائی وزراء، ڈائریکٹر جنرل گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران متاثرہ علاقوں کے دورے کر رہے ہیں۔ بیان کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ نے زلزلہ متاثرین کی بھرپور مدد کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرین کو درپیش مشکلات کا مکمل احساس ہے اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی جبکہ زلزلے سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ قانون اور پالیسی کے تحت کیا جائے گا۔










