ٹی 20 ورلڈ کپ: پی سی بی کا آئی سی سی کو خط، کی بنگلہ دیش کے موقف کی حمایت

پی سی بی نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کے بھارت نہ جانے کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے آئی سی سی کو خط لکھ دیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کے اپنی ٹیم بھارت نہ جانے کے موقف کی باضابطہ حمایت کرتے ہوئے اس سلسلے میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو خط لکھ دیا ہے۔
پی سی بی نے آئی سی سی کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ وہ ہندوستان میں سیاسی ہنگامہ آرائی کے باعث بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے اپنی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کے موقف کی حمایت کرتا ہے۔
آئی سی سی نے بنگلہ دیش ٹیم کے حوالے سے آج بورڈ میٹنگ بلائی ہوئی ہے، جس میں اس حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ یہ معاملہ اس وقت شروع ہوا جب ہندو انتہا پسند جماعت کی دھمکیوں کے بعد بنگلہ دیشی پیسر مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے نکالا گیا۔
اس واقعہ کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے سخت موقف اختیار کیا اور سیکیورٹی مسائل کی بنا پر اپنی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بھارت بھیجنے سے انکار کر دیا۔
بی سی بی نے آئی سی سی کو اپنے میچز بھارت سے سری لنکا منتقل کرنے کے لیے خط بھی لکھا، تاہم آئی سی سی نے ابتدائی طور پر یہ مطالبہ مسترد کر دیا تاہم بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے اپنے موقف پر قائم رہنے کے بعد آج اس حوالے سے حتمی فیصلہ متوقع ہے۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کا آغاز اگلے ماہ 7 فروری سے بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں ہو رہا ہے۔ پاکستان ٹیم معاہدے کے تحت اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گی












