نگران وزیر داخلہ گلگت بلتستان کا مختلف تھانوں کا اچانک دورہ

نگران وزیرِ داخلہ گلگت بلتستان ساجد علی بیگ نے گلگت شہر کے مختلف تھانوں کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے تھانوں کے انتظامی امور، سیکیورٹی انتظامات اور مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی رینج مرزا حسن بھی موجود تھے۔
مزید برآں وزیرِ داخلہ ساجد علی بیگ نے پولیس افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ دورانِ ناکہ بندی غیر قانونی اسلحہ لے کر گھومنے والے عناصر کے خلاف بلا تفریق سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے رات کے اوقات میں اسنوکر کلبز میں کم عمر لڑکوں کی موجودگی اور معاشرتی برائیوں خصوصا فحاشی اور منشیات فروشی میں ملوث افراد کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈان کی ہدایت کی۔ اس کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت اور اشتعال انگیزی پھیلانے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی گئی۔ وزیرِ داخلہ نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور معاشرے کو ہر قسم کی برائی سے پاک رکھنے کے لیے پولیس کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کرے گی ۔










