گلگت میں خراب موسمی صورتحال کا الرٹ جاری

ڈپٹی کمشنر / چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) گلگت کیپٹن (ر) عارف احمد نے محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے پیش نظر ضلع گلگت کے لیے موسمی الرٹ جاری کر دیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 16 جنوری 2026 کی شام سے 23 جنوری 2026 کی صبح تک گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے، گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور درمیانی درجے کی برفباری کا امکان ہے۔ڈپٹی کمشنر گلگت نے خبردار کیا ہے کہ خراب موسمی حالات کے باعث سڑکوں کی بندش، پھسلن اور ٹریفک کی روانی میں خلل پیدا ہو سکتا ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خطرہ بھی موجود ہے۔عوام الناس کو ہدایت کی گئی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔
ناگزیر صورت میں سفر کے دوران ٹائر چین کا استعمال یقینی بنایا جائے۔بالخصوص خطرناک مقامات، گلیشیئرز کے اطراف اور کمزور انفراسٹرکچر والے علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر گلگت نے ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایکسین بی اینڈ آر مشینری اور عملے کو تیار رکھے، ریسکیو 1122 اسٹاف اور مشینری ہمہ وقت الرٹ رکھے، این ایچ اے مکمل تیاری یقینی بنائے، سی ایس او گلگت گندم کا کوٹہ بروقت بالائی علاقوں تک پہنچائے، جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز گلگت، دنیور اور جگلوٹ فیلڈ اسٹاف کو متحرک رکھیں۔انہوں نے ڈی ایچ او گلگت کو ڈاکٹرز، ایمبولینسز اور طبی عملے کی دستیابی یقینی بنانے اور اسٹیشن ڈائریکٹر ریڈیو پاکستان گلگت کو عوامی آگاہی کے لیے اس موسمی الرٹ کو بار بار نشر کرنے کی ہدایت بھی کی۔










