گلگت یونین آف جرنلسٹس کے وفد کی سیکرٹری اطلاعات گلگت بلتستان ثنااللہ سے ملاقات

گلگت یونین آف جرنلسٹس کے وفد نے سیکرٹری اطلاعات گلگت بلتستان ثنااللہ سے تفصیلی ملاقات کی۔ وفد کی قیادت صدر گلگت یونین آف جرنلسٹس کرن قاسم نے کی۔ وفد میں سینئر نائب صدر ذاکر حسین، جنرل سیکرٹری ثمر عباس قذافی، سیکرٹری فنانس عمران شیر خان اور ڈپٹی جنرل سیکرٹری بشارت یزدانی شامل تھے۔ملاقات کے دوران صدر گلگت یونین آف جرنلسٹس کرن قاسم نے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور مطالبہ کیا کہ محکمہ اطلاعات صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو ڈیلی ویجز کی فراہمی، پیشہ ورانہ تربیت اور صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے موثر اور عملی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات گلگت بلتستان ثنااللہ نے وفد کو یقین دلایا کہ محکمہ اطلاعات صحافیوں کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک ہفتے کے اندر صحافیوں کو ایگریڈیشن کارڈز جاری کیے جائیں گے۔ سیکرٹری اطلاعات نے مزید بتایا کہ صحافیوں کے لیے ایکسپوژر وزٹس ، کیپیسٹی بلڈنگ پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ ڈیجیٹل میڈیا پالیسی کے حوالے سے بھی بہت جلد اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورتی اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ اطلاعات تمام میڈیا تنظیموں کے ساتھ مل کر میڈیا انڈسٹری کی بہتری اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ طور پر کام کرے گا ۔










