مضبوط و موثر عدالتی نظام مہذب معاشرے کی بنیاد ہے،جسٹس(ر)یار محمد

نگران وزیر اعلی گلگت بلتستان جسٹس(ر)یار محمد نے کہا ہے کہ مضبوط اور موثر عدالتی نظام مہذب معاشرے کی بنیاد ہوتا ہے، قانون کی بالادستی اور انصاف کی فراہمی کے حوالے سے گلگت بلتستان کے وکلا کا کردار قابل تحسین رہاہے۔ گلگت بلتستان بار کونسل کے وائس چیئرمین سمیع احمد ایڈووکیٹ کی سربراہی میں ملاقات کرنے والے بار کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے جسٹس (ر) محمد نے کہا کہ نگران صوبائی حکومت گلگت بلتستان بار کونسل کی اہمیت اور افادیت کو سمجھتے ہوئے درپیش مسائل حل کرنے پر خصوصی توجہ دے گی اس موقع پر نگران وزیر اعلی نے کہا کہ بہت جلد گلگت بلتستان بار کونسل کا دورہ کرکے وہاں پر بھی وکلا برادری سے ملاقات کریں گے ۔
گلگت بلتستان بار کونسل کے وائس چیئرمین سمیع احمد ایڈووکیٹ نے وکلا برادری کو درپیش مسائل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ چیف کورٹ اور سپریم اپلیٹ کورٹ میں ججوں کی تعیناتیاں جلد عمل میں لائی جائیں تاکہ عوام کو فوری انصاف کی فراہمی ممکن ہو۔
سابق حکومت کی جانب سے وکلا کیلئے اعلان کردہ ہیلتھ انڈومنٹ فنڈ کے رقم کی منتقلی اور مستحق وکلا تک اس کی افادیت پہنچانے کے حوالے سے طریقہ کار کو آسان بنایا جائے ۔
گلگت بلتستان میں کام کرنے والے تمام پرائیویٹ کمپنیاں قانون کے تحت لیگل ایڈوائزرز کی خدمات لینے کے پابند ہیں جس پر عملدرآمد کی ضرورت ہے۔سابق حکومت کی جانب سے وکلا کو پلاٹس کی مد میں نقد رقم کی فراہمی والے کیسز جلد نمٹائے جائیں۔ اس موقع پر گلگت بلتستان بار کونسل کے نمائندہ وفد نے نگران وزیر اعلی کی جانب سے وکلا کے مطالبات سننے اور ان پر عملی اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی پر نگران وزیر اعلی کا شکریہ اد اکیا ۔










