وزیر برقیات گلگت بلتستان کی متعلقہ حکام کو عوام کو درپیش بجلی مسائل حل کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت

وزیر برقیات گلگت بلتستان انجینئر ممتاز حسین نے متعلقہ حکام کو عوام کو درپیش بجلی کے مسائل کے حل کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت دے دی ۔محکمہ برقیات گلگت کے سیکرٹریٹ میں سیکرٹری واٹر اینڈ پاور اور متعلقہ عملے کی جانب سے وزیر برقیات گلگت بلتستان انجینئر ممتاز حسین کو موجودہ بجلی کی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر سیکرٹری برقیات صفدر خان نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں بجلی کی طلب میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، تاہم بجلی کی ترسیل میں اس تناسب سے اضافہ ممکن نہیں ہو پا رہا۔ انہوں نے بتایا کہ شدید سردی اور برف جمنے کے باعث بجلی کی پیداوار میں 20 سے 30 فیصد تک کمی واقع ہو جاتی ہے، جس سے نظام متاثر ہوتا ہے۔
سیکرٹری برقیات کا کہنا تھا کہ حکومت مستقبل میں بجلی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور 16 میگاواٹ نلتر پاور پروجیکٹ اور ہنزل پاور پروجیکٹ کی تکمیل سے بجلی کی ترسیل میں نمایاں بہتری آئے گی۔وزیر برقیات انجینئر ممتاز حسین نے بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ عوام کو درپیش بجلی کے مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور نظام کی بہتری کے لیے اقدامات تیز کیے جائیں۔










