گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں سوموار کی رات سے برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری

گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں سوموار کی رات سے برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق گلگت کے بالائی علاقوں نلتر بالا، گاشو پھوٹ اور کارگاہ میں اب تک دو سے چار انچ تک برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔دوسری جانب ضلع دیامر میں واقع بابوسر ٹاپ جبکہ ضلع غذر کے علاقوں پھنڈر اور ٹیرو میں پانچ انچ سے زائد برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔اسی طرح بلتستان ڈویژن اور ضلع ہنزہ کے بالائی علاقے اپر گوجال میں بھی برفباری کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس سے معمولاتِ زندگی متاثر ہونے لگے ہیں۔برفباری کے باعث درجہ حرارت میں شدید کمی واقع ہوئی ہے جبکہ بالائی علاقوں میں سڑکوں پر پھسلن پیدا ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ مقامی انتظامیہ نے شہریوں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق یہ برفباری کا سلسلہ 2 جنوری تک جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ بعض علاقوں میں مزید برفباری اور سرد ہواؤں کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔ انتظامیہ اور متعلقہ محکمے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ ہیں۔










