تازہ ترین
ضلع گلگت

الیکشن کمیشن ،گلگت بلتستان میں بلدیاتی و جنرل انتخابات ایک ہی مرحلے میں منعقد کرنے کا فیصلہ

شعبہ تعلقات عامہ الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کے مطابق گلگت بلتستان میں بلدیاتی اور جنرل انتخابات ایک ہی مرحلے میں منعقد کئے جائیں گے ۔ اس سلسلے میں گلگت بلتستان بھر میں انتخابی فہرستوں میں ووٹ کے اندراج، تصدیق اور درستگی کیلئے ڈسپلے سینٹرز قائم کر دیئے گئے ہیں۔ عوام الناس رواں ماہ کے اختتام تک ان ڈسپلے سینٹرز میں جا کر اپنے ووٹ کا اندراج، کوائف کی تصدیق اور ضروری درستگی کروا سکتے ہیں۔شہری اپنے ووٹ کے اندراج اور متعلقہ ڈسپلے سینٹر کی تفصیلات جاننے کے لیے اپنا شناختی کارڈ نمبر 8301 پر ایس ایم ایس کر سکتے ہیں۔ مزید برآں، فارم کے حصول اور رہنمائی کیلئے دفتر ضلعی الیکشن کمشنر/ رجسٹریشن آفیسر یا متعلقہ ڈسپلے سینٹر انچارج سے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کی ہدایت پر بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے خطے کے تینوں ڈویژنز میں ضلع کونسلز، میونسپل کارپوریشنز ، تحصیل کونسلوں، میونسپل کمیٹیوں، ٹان کمیٹیوں اور یونین کونسلوں کی حد بندی کیلئے کمیٹیاں تشکیل دی جا چکی ہیں۔ان کمیٹیوں کے مطابق گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کو کنوینئر جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹرز لوکل گورنمنٹ اینڈ رورل ڈویلپمنٹ اور اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹرز کو ممبران مقرر کیا گیا ہے، جو الیکشن ایکٹ 2017ء کے تحت اپنے اپنے اضلاع میں حلقہ بندیاں مکمل کریں گے۔ واضح رہے کہ ڈسپلے سینٹرز میں ووٹر لسٹوں کی درستگی کا عمل بلدیاتی اور جنرل دونوں انتخابات کیلئے جاری ہے ، لہذا تمام ووٹرز سے گزارش ہے کہ وہ اپنے متعلقہ وارڈ میں ووٹر لسٹ کی جانچ کریں اور کسی بھی قسم کی غلطی کی بروقت درستگی کروائیں۔ووٹرز موبائل میسج کے ذریعے بھی اپنی تفصیلات چیک کر سکتے ہیں۔ اس حوالے سے چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان (تمغہ شجاعت)نے کہا کہ الیکشن کمیشن عوام کی سہولت کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے اور امید ہے کہ عوام ان ڈسپلے سینٹرز سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے جمہوری حق کو یقینی بنائیں گے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button