تازہ ترین
ضلع گلگت

بے نظیر بھٹو نے پاکستان میں جمہوری نظام کے قیام اور اس کے استحکام کے لیے طویل سیاسی جدوجہد کے ذریعے ایک نمایاں مقام حاصل کیا، حافظ حفیظ الرحمن

 سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے پاکستان میں جمہوری نظام کے قیام اور اس کے استحکام کے لیے طویل سیاسی جدوجہد کے ذریعے ایک نمایاں مقام حاصل کیا، محترمہ بے نظیر بھٹو کو مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم منتخب ہونے کا اعزاز حاصل ہوا جو نہ صرف پاکستان بلکہ پوری مسلم دنیا کے لیے باعثِ فخر ہے۔27 دسمبر کو سابق وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کے 18ویں یوم شہادت کے موقع پر اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے جمہوری نظام کی بہتری کے لیے مزاحمتی سیاست کی اور دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ ایک اصولی اور دوٹوک مؤقف اپنایا۔

حافظ حفیظ الرحمن نے مزید کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت نے پاکستان بھر میں دہشت گردی کے خلاف نفرت اور اس کے خلاف جنگ کے بیانیے کو مزید مضبوط کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوری نظام کے تسلسل اور عوام کے بہترین مفاد کے لیے قائد پاکستان مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف اور محترمہ بے نظیر بھٹو کے مابین طے پانے والے میثاقِ جمہوریت کے عظیم فلسفے سے اتفاق کرتے ہوئے اس تاریخی دستاویز پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ۔انہوں نے بطور سیاست کے طالب علم محترمہ بے نظیر بھٹو کی سیاسی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ رب العالمین شہید محترمہ کے درجات بلند فرمائے اور تمام سیاسی قائدین کو ذاتی و سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر ملک و قوم کی خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button