تازہ ترین
ضلع گلگت

گلگت بلتستان موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے بڑے پیمانے پر متاثر ہورہاہے ،نگران وزیر اعلیٰ جسٹس (ر) یار محمد

نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان جسٹس (ر) یار محمد نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات پوری دنیا میں مرتب ہورہے ہیں جس سے گلگت بلتستان بھی بڑے پیمانے پر متاثر ہورہاہے ،ہمیں ان منفی اثرات سے بچنے کیلئے جنگلات کا تحفظ اور جنگلات کے فروغ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کی جانب سے محکمانہ بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو محفوظ اور سرسبز گلگت بلتستان کی منتقلی کیلئے ذاتی مفادات اوروابستگیوں سے بالاتر ہوکر فیصلے کرنا ہونگے، جنگلات کے غیر قانونی کٹاؤ اور ترسیل کے عمل کی حوصلہ شکنی کیلئے سخت اقدامات کئے جائیں، قدرتی جڑی بوٹیوں کے تحفظ کیلئے کنزرویشن کمیٹیوں کو فروغ دیا جائے۔فاریسٹ رولز کی منظوری کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ محکمہ جنگلات ضبط شدہ غیر قانونی لکڑی کے ڈسپوزل کیلئے مناسب لائحہ عمل مرتب کرے جس کے تحت جنگلات کے غیر قانونی کٹاؤ میں ملوث مافیاز کی حوصلہ شکنی اور قومی خزانے کو بھی نقصان نہ ہو۔ جنگلات کے تحفظ اور فروغ کے حوالے سے جدید ٹیکنالوجی پر انحصار کرتے ہوئے مانیٹرنگ کا نظام نافذ کیاجائے۔اپ سکیل گرین پاکستان ملک میں شجرکاری کو فروغ دینے کے حوالے سے اہم منصوبہ ہے، اس سے استفادہ کرتے ہوئے گلگت بلتستان میں بھی شجرکاری کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ نگران وزیر اعلیٰ نے کہاکہ جنگلی حیات ہمارے لئے قدرت کا انمول تحفہ اور علاقے کی خوبصورتی میں اضافے کا باعث ہیں، جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے کنزرویشن کمیٹیوں کی کامیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید کنزرویشن کمیٹیوں کو بنانے اور انہیں مضبوط اورفعال بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ ماحولیاتی تحفظ پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے،اس حوالے سے گلگت بلتستان کو پلاسٹک اور مضر صحت اشیاء سے پاک کرنے کیلئے عوا م میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button