ویلکم چیمپئنز ویلکم، پاکستان انڈر19 کرکٹ ٹیم وطن واپس پہنچ گئی

قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی، اسلام آباد ایئرپورٹ پر انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا شاندار استقبال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق انڈر 19 ایشیا کپ کی فاتح پاکستانی ٹیم پی آئی اے کی خصوصی پرواز کے ذریعے دبئی سے اسلام آباد پہنچی ہے، بھارت کو شکست دینے والی پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر شائقین نے ٹیم کو شاندار خراج تحسین پیش کیا، پھول نچھاور کیے گئے اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے۔ ایئرپورٹ پر وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا استقبال کیا۔
شہریوں کی جانب سے قومی ٹیم کے حق میں نعرے لگائے گئے، قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو ایئرپورٹ سے وی آئی پی پروٹوکول کے ساتھ ہوٹل پہنچایا گیا، آئی جی اسلام آباد بھی سیکیورٹی قافلے میں شریک تھے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف آج کھلاڑیوں سے ملاقات کریں گے، بھارتی ٹیم کو شکست دینے والے کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔












